ٹانک میں پولیو مہم جاری، ڈی پی او کی زیر نگرانی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں انسداد پولیو مہم کا تیسرا دن بھی پرامن اور منظم رہا۔ پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی، جبکہ حساس علاقوں میں اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

ضلعی پولیس کے مطابق ضلع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شبیر حسین شاہ نے بدھ کے روز مختلف یونین کونسلز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو ورکرز اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈی پی او  نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں بھی ٹیموں کے ساتھ موجود رہیں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

ڈی پی او نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ پولیس اور عوام کے باہمی اشتراک سے ہی یہ مہم کامیاب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہونے تک یہ سلسلہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ پیر کے روز ضلع ٹانک میں پولیو مہم پر کام کرنے والی ٹیم کے ایک افسر سمیت تین ملازمین کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ نامعلوم افراد نے یہ کارروائی یونین کونسل ملازئی کے علاقے عمر خیل  میں کی ہے۔ اغوا ہونے والے افراد پولیو مہم کے لیے تھرڈ پارٹی ٹھیکیدار کے طور پر کام کر رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں