بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس نے تھانہ میریان کی حدود نواز آباد میں خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بنوں میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت درجنوں مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ ان دہشت گردوں میں پولیس کانسٹیبلان فرمان علی، نصرت، کامران، ہیڈ کانسٹیبل فیاض الدین، کانسٹیبل سکندر اور اے ایس آئی اصغر خان کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دہشت گرد تھانہ بسیہ خیل بنوں، تھانہ سٹی کینٹ بنوں، تھانہ میراخیل اور مختلف پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔

اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت مدثر عرف مدثری ولد حیدر علی سکنہ ممبتی بارکزئی بنوں، تراب عرف عمر خطاب عرف ملنگ ولد رقیاز ساکن خدری ممندخیل بنوں اور محمد حسین عرف معاذ ولد شاد آیاز سکنہ ممش خیل بنوں کے ناموں سے ہوئی ہے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، پستول اور کارتوس کے علاوہ ایک آئی ای ڈی (امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس) اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ضرار گروپ) اور حافظ گل بہادر گروپ سے تھا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں