پیر کے روز خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے کلیم اللہ گروپ کے ایک اہم کمانڈر کاشف المعروف مہاجر جرار کو ہلاک کیا گیا ہے۔
دہشت گرد کمانڈر کاشف کی لاش مردان خیل ٹیری کے علاقے سے برآمد ہوئی جہاں سے اس کے ساتھی اسے چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دو اور کارندے شدید زخمی ہوئے ہیں جن کے ہلاک ہونے کے متضاد اطلاع سامنے آ رہی ہے۔
کمانڈر کاشف کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو انتہائی مطلوب تھا اور متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ ہلاکشدہ کمانڈر ایف سی قلعہ درگہ پر حملے، کانسٹیبل عرفان کی ٹارگٹ کلنگ، کرک بینک ڈکیتی، چوکی بہادر خیل اور میر کلام پولیس اسٹیشن پر حملوں، اغوا کی متعدد واارداتوں اور سیکیورٹی فورسز کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے جیسے متعدد جرائم میں براراست ملوث تھا۔