فوج کی اعلی قیادت پارلیمان کو سیکیورٹی صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دے گی

| شائع شدہ |13:30

ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت منگل کے روز پارلیمانی کمیٹی کو قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس منگل کو دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔

چونکہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی ابھی تک سرکاری طور پر تشکیل نہیں دی گئی ہےاس لیے دفاع اور خارجہ امور کی قائمہ کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ ساتھ کابینہ کے وزراء اور نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے فوجی قیادت شرکاء کو بریفنگ دے گی۔ میٹنگ ان کیمرہ ہونے کی توقع ہے۔

حالیہ دنوں میں دہشت گرد حملوں میں تیزی آنے کے بعد یہ اجلاس بلایا گیا ہے۔  پہلے بنوں کینٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس میں پانچ فوجی شہید ہو گئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس کے بعد اکوڑہ خٹک میں دارالعلوم حقانیہ میں مولانا حامد الحق ایک خودکش بم دھماکے میں شہید ہو گئے تھے۔ کچھ دن بعد سبی میں جعفر ایکسپرس کو دہشت گردوں نے ہائی جیک کر لیا تھا، جس میں 18 فوجی اہلکاروں سمیت 26 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کارروائی میں 33 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا تھا۔

حملے کے بعد کوئٹہ کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک پاکستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں