پاکستان اور چین کے درمیان پانچواں میری ٹائم مذاکرات دور اختتام پذیر

پاکستان اور چین نے بحری شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بیجنگ میں مذاکرات کا پانچواں دور منعقد کیا۔ ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) عمران احمد نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے باؤنڈری اینڈ اوشن افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لیانگ نے کی ہے۔

 پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے گزشتہ دور کے بعد ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بحری سلامتی، سمندری معیشت، سائنس اور ماحولیات جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط شراکت داری کے لیے اعلیٰ سطح پر بحری تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی بحری معاملات پر رابطے جاری رکھنے، تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ شراکت داری کو وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام نے اگلے سال مناسب وقت پر مذاکرات کا چھٹا دور منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں