نمائندہ خصوصی محمد صادق جے سی سی مذاکرات میں شرکت کرنے کابل پہنچ گئے

پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بدھ کے روز پاکستان-افغانستان مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے۔

افغان عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اجلاس کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر دفاع ملا عبدالقیوم ذاکر افغان وفد کی قیادت کریں گے۔

محمد صادق نے سماجی رابطے کے پیلٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ جے سی سی کا اجلاس ایک طویل وقفے کے بعد ہو رہا ہے۔

جے سی سی مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہوگا جو جنوری 2024 سے تعطل کا شکار ہے۔ جے سی سی دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے اور سرحدی تنازعات کو حل کرنے کے لیے بنایا گیا ایک پلیٹفارم ہے۔

اس ضمن میں افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی کی قیادت میں ایک وفد آج مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد میں نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور، خارجہ امور، خزانہ، مہاجرین کے امور، ٹرانسپورٹ ، امور ہوا بازی، زراعت، آبپاشی اور لائیو سٹاک کے دفاتر کے نمائندے شامل ہوں گے۔ وفد میں انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ارکان بھی شامل ہیں۔

افغان قونصل جنرل حافظ محب آج  ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

جے سی سی کا اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاک-افغان تعلقات میں کئی نئی پیش رفتیں ہو رہی ہیں۔

دونوں جانب سے وسیع پیمانے پر بات چیت کے بعد طورخم بارڈر تقریباً ایک ماہ کی بندش کے بعد مارچ میں کھول دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امن وامان کے حوالے سے پاکستان نے مسلسل یہ موقف دہرایا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی سمیت پاکستان میں کام کرنے والے دہشت گرد افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں مصروف عمل رہے ہیں۔

پاکستان نے اپریل میں ملک سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ بغیر دستاویزات اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں سمیت ہزاروں مہاجرین کو اب تک بے دخل کیا جا چکا ہے۔

 حکومت پاکستان نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پروف آف رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کو بھی جون کے بعد بے دخل کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نمائندہ خصوصی محمد صادق  نے حال ہی میں کہا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ٹی ٹی پی کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں