کرک میں جرگے کا امن وامان کی خرابی کے خلاف یکجہتی کا بڑا مظاہرہ

اتوار کے روز ضلع کرک کے مرکزی بازار میں امن وامان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے امن جرگہ منعقد ہوا۔ اس  جرگے میں سیاسی، مذہبی  شخصیات، علاقے کے مشران اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی ہے۔

جرگہ کے بعد جیل چوک سے صدام چوک تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں عوام نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اتحاد اور امن کی علامت کے طور پر سفید پرچم بھی لہرائے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پورے پاکستان میں خٹک قبیلے کی قربانیوں کو سراہا اور دیرپا امن قائم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ کرک کے لوگ بدامنی کے خلاف متحد ہیں اور وہ اپنے علاقے میں اسے برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعدد آپریشنوں کے باوجود دہشت گردی اور عدم استحکام برقرار ہے۔

 تقریر میں انہوں نے ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

 جرگے  نے ایک واضح پیغام دیا کہ کرک کے لوگ اپنے علاقے میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے متحد ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے کرک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کرک میں اس ماہ کے شروع میں منعقد ہونے والے جرگے نے علاقے میں مسلح افراد کو تین دن کے اندر علاقہ چھوڑنے یا پھر قبائلی لشکر کی طرف سے آپریشن کا سامنا کرنے کی وارننگ دی تھی۔ جرگے نے حکام پر بھی زور دیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کریں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں