پاکستان فوج نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں کامیاب فوجی آپریشن کرتے ہوئے مزید چار گاؤں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ان علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے بعد مقامی آبادی کو گھروں کو واپسی کی اجازت دے دی ہے۔
فوجی آپریشن کے بعد کلیئر کیے گئے گاؤں میں برہ لغڑئی، درمیانی لغڑئی، لرہ لغڑئی اور ڈبرئی وڑ ماموند شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ان علاقوں سے عسکریت پسندوں کا مکمل صفایا کر دیا گیا ہے اور اب حالات مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ان علاقوں کی کلیئرنس کے بعد مقامی مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو کئی عرصے سے بے گھر تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اب برہ لغڑئی، درمیانی لغڑئی، لرہ لغڑئی اور ڈبرئی وڑ ماموند کے رہائشی بلا خوف و خطر اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔ اس پیش رفت کو علاقے میں معمولات زندگی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
باجوڑ میں آپریشن 27 جولائی کو صبح 2:00 بجے شروع ہوا جب ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے ماموند تحصیل کے 16 دیہاتوں میں تین دن کے کرفیو اور ایک ٹارگٹڈ فوجی آپریشن کا اعلان کیا۔اس سے قبل کئی گاؤں کلیئر کیے جا چکے جہاں مکین اپنے گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں۔