بدھ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جاری باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ بھی قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے کامیاب انعقاد پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای کو مبارکباد پیش کی اور اس تقریب کے دوران بہترین میزبانی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں بشمول چین پاکستان اقتصادی راہداری اور کثیر الجہتی تعاون پر وسیع تبادلہ خیال کیا ہے۔ پاکستان-چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مختلف شعبوں میں جاری قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
دونوں فریقین نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔