امریکہ نے ترکیہ کو 304.1 ملین ڈالر مالیت کے میزائلوں اور متعلقہ ساز و سامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کے دن پینٹاگون نے اس معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
ترکیہ ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق اس پیکج میں 53 AIM-120C-8 ایڈوانسڈ میڈیم رینج ایئر-ٹو-ایئر میزائلز (AMRAAMs) اور چھ AMRAAM گائیڈنس یونٹس شامل ہیں جن کی مالیت تقریباً 225 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔ یہ میزائل فضائی جنگ کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں اور ترکی کے F-16 لڑاکا طیاروں کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔ اس فروخت میں 60 AIM-9X سائڈ وائنڈر بلاک II میزائل، 11 AIM-9X ٹیکٹیکل گائیڈنس یونٹس اور لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے جس کی مجموعی مالیت 79.1 ملین ڈالر ہے۔
پینٹاگون نے کہا کہ یہ فروخت ترکیہ کی فضائی دفاع کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گی اور اس کے وطن اور وہاں تعینات امریکی اہلکاروں کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگی۔ مجوزہ فروخت امریکی کانگریس کو نظرثانی کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ کانگریس کے پاس اعتراضات اٹھانے کے لیے 15 دن ہیں۔ اگر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا جاتا ہے تو یہ سودا ایریزونا میں واقع RTX کارپوریشن کے ساتھ آگے بڑھے گی ۔
ڈی فینس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے بدھ کو باضابطہ طور پر کانگریس کو ممکنہ فروخت سے آگاہ کر دیا ہے۔ AIM-9X سائڈ وائنڈر بلاک II میزائل جو ریتھیون (Raytheon) نے تیار کیا ہے ایک انتہائی جدید مختصر فاصلے تک مار کرنے والا انفراریڈ گائیڈڈ میزائل ہے جس میں ہوا سے ہوا، ہوا سے زمین، اور زمین سے ہوا میں مار کرنے کی صلاحیتیں موجود ہیں۔