خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں ریجن کے ڈی آئی جی سجاد خان کے واضح احکامات اور ہدایات کی روشنی میں لکی مروت پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، سیکیورٹی فورسز اور مقامی امن کمیٹی نے ایک بڑا مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
یہ آپریشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان کی قیادت میں تھانہ شہباز خیل کی حدود میں واقع علاقے چوار خیل میں کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، آپریشن کا آغاز خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران، شرپسند عناصر نے سیکیورٹی فورسز پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
ذرائع سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں نے جوانمردی سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ اس جوابی فائرنگ کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کا ایک دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے دہش ت گرد کے دیگر ساتھیوں کی تلاش اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او لکی مروت نذیر خان نے اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ لکی مروت پولیس ریاست کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج سمیت تمام شرپسند اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی