خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے ساتھ ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے یومِ آزادی پر دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ اس آپریشن میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی (بالی کھیارہ گروپ) کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سجاد احمد صاحبزادہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان، ڈسٹرکٹ پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر گومل یونیورسٹی کے علاقے میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ اس کارروائی میں چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت عمر فاروق، آصف علی عمر، حسنین معاویہ اور ہدایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ یہ دہشت گرد 14 اگست کی تقریبات کے موقع پر دہشت گردانہ کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گرد ایک درجن سے زائد معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر حملے اور انہیں شہید کرنے میں ملوث ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے سامان میں تیار شدہ آئی ای ڈی، پسٹل، ایس ایم جی رائفل، تین میگزین، 28 کارتوس، تین ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹونیٹر اور بارودی مواد شامل ہے۔ اس کے علاوہ، ان کے پاس سے 5 گرینیڈ اے جی ایل، دو سادہ اور تین ٹچ موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں ۔
سی ٹی ڈی پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔