باجوڑ امن و امان جرگہ: عوامی تکلیف کے ازالے اور دہشت گردی کے خاتمے کی حکومتی یقین دہانی   

 منگل کے روز  سول سیکرٹریٹ پشاور میں باجوڑ کی موجودہ صورتحال پر ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا حکومت، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام، ضلع باجوڑ کی سیاسی قیادت، عمائدین اور علمائے کرام نے شرکت کی ہے۔ یہ جرگہ باجوڑ میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے تناظر میں منعقد کیا گیا جس میں مولانا خان زیب شہید، فیصل اسماعیل (اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی) شہید، عبدالوکیل (تحصیلدار ناواگئی) شہید اور سیکیورٹی فورسز و پولیس کے متعدد اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

شرکاء نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا اور امن کے لیے باجوڑ کے عوام کی قربانیوں کو سراہا ہے۔ جرگہ میں عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط مستحکم کرنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا ہے۔

قائم مقام چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے جرگہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دیتی ہے اور دہشت گرد عناصر کے قلع قمع کے لیے مشاورت اور باہمی اعتماد سے کام کیا جائے گا۔

 انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، مشران، عوام، حکومت خیبر پختونخوا، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اتحاد کا مطالبہ کیا ہے۔

حکام نے عزم کیا کہ باجوڑ کو عسکریت پسندی سے نجات دلائی جائے گی اور مصدقہ معلومات کی بنیاد پر ہدف شدہ کارروائیاں کی جائیں گی۔ قائم مقام چیف سیکرٹری نے ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جس میں حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے تاکہ امن و امان کی حکمت عملی پر ہفتہ وار تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ انہوں نے شہداء کے زرِ تلافی اور بھتہ خوری کے خلاف کارروائی کے مطالبات کو بھی حکومتی توجہ میں لانے کا عندیہ دیا۔ جرگہ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں