بھارت کے 6 اور 7 مئی کو ہونے والے میزائل حملوں میں شہید ہونے والے فوجیوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز دو مزید جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے حوالدار محمد نوید شہید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شہید شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان کی عظیم قربانی ان کی جرات، فرض شناسی اور غیر متزلزل حب الوطنی کا لازوال ثبوت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان شہدا کی قربانی ہمیشہ قوم کی اجتماعی یادداشت میں نقش رہے گی جو آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے اس سے قبل کہا تھا کہ حملے میں 11 مسلح افواج کے اہلکار اور 40 شہری شہید ہوئے تھے۔ ان حملوں میں مزید 78 فوجی اور 121 شہری زخمی بھی ہوئے تھے۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا تھا جس میں بھارت بھر میں 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس آپریشن کے بعد، امریکہ کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔