سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پانچ مختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں ۔
آئی ایس پی آر کہ مطابق یہ آپریشنز 12 اور 13 فروری کے درمیان کیے گئے۔ تاہم اس بیان میں سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان ہونے کا ذکر نہیں کیا گیا۔
بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ایک خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں شاہ گل المعروف روحانی سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقوں دوسلی اور تپی میں دو علیحدہ جھڑپوں میں مزید پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع خیبر کے علاقہ باغ میں بھی ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہلاک شدہ ’خارجیوں‘ سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے جو سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کیے جاتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشنز کیے گئے ہیں۔ بیان میں سیکیورٹی فورسز کے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔