مروت قومی جرگے کا طالبان کو مغوی سرکاری ملازمین کی رہائی کے لیے تین دن کا الٹیمیٹم

جمعرات کو مروت قومی جرگہ نے طالبان کو اٹامک انرجی کمیشن کے مغوی ملازمین کو رہا کرنے کے لیے تین دن کا الٹی میٹم جاری کیا ہے۔ جرگے نے انتباہ کیا ہے کہ اگر 72 گھنٹوں کے اندر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو اسے جارحیت  سمجھا جائے گا اور نتیجتاً طالبان کے لیے مروت علاقے کو بند کر دیا جائے گا۔

 جرگے نے مطالبہ کیا ہے کہ تین دنوں کے اندر پورے ضلع میں فوج اور پولیس کا مشترکہ گشت شروع ہونا چاہیے۔ جرگے نے بتایا ہے کہ اگر ایسے گشت   کوعمل میں نہیں لایا جاتا تو اس کو طالبان کی خاموش حمایت سے جوڑا جائے گا۔

جرگے نے علاقے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ جرگے نے مزید کہا کہ پولیو ویکسینیشن مہم کے بائیکاٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

آخر میں جرگے نے یہ مطالبہ کیا کہ اگر ریاست کی جانب سہولتکاری کے الزام میں کوئی معصوم شہری گرفتار کیا گیا ہے تو انہیں تین دن کے اندر رہا کیا جائے ورنہ پنجاب کو گیس کی فراہمی روک دی جائے گی۔

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین کو 9 جنوری کو ایک تعمیراتی سائٹ سے اغوا کیا تھا۔ یہ واقعہ ٹی ٹی پی کے اس اعلان کے بعد پیش آیا جس میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

مروت جرگہ نے کرک میں حالیہ دنوں ایک جرگے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا ہے جس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر حکومت کو لشکر کشی کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ کرک جرگہ کے اگلے دن سی ٹی ڈی نے حرکت میں آ تے ہوئے کرک میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں