انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبیرزودا عمومالی عبدالرحیم نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں فریقین نے موجودہ فوجی تعاون کو نمایاں طور پر بڑھانے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کیا بالخصوص تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں۔
پاک فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق معزز مہمان، کرنل جنرل عبدالرحیم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی استحکام اور امن کو فروغ دینے میں اس کے اہم کردار کا اعتراف کیا ہے۔
پاک آرمی کے ترجمان نے بتایا کہ آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقے کے مجموعی استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کی ایک بار پھر تصدیق کی ہے۔