دفتر خارجہ کے ایک پریس ریلیز کے مطابق اردن کی ہاشمی مملکت کے بادشاہ عزت مآب شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین، وزیر اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کی دعوت پر 15 سے 16 نومبر 2025 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
بیان کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کی تزویراتی سمت (Strategic Direction) کو مزید مستحکم کرنا اور انہیں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں ایک جامع اور وسیع البنیاد شراکت داری کی صورت میں ایک اعلیٰ مدار پر گامزن کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایوان صدر میں ایک خصوصی اعزازی تقریب (Investiture Ceremony) کا بھی اہتمام کیا جائے گا جہاں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کو تفویض کیا جائے گا۔
شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم (Consolidate) کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار اور وسعت (Scope and Spectrum) کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔