محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) اور پولیس نے کوہاٹ کے تھانہ ایم آر ایس (MRS) کی حدود میں ایک بروقت اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین انتہائی مطلوب اور سرگرم دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کا آغاز کیا تو دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس پر جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد قاسم ولد خانہ جان، ساکن ڈاک، شاہمد ولد مشعل خان، ساکن ڈاک اور ساحر عرف پاٹا ولد نسیم، ساکن طور چپر، درہ آدم خیل سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تینوں دہشت گرد درہ آدم خیل کے ایک سرگرم عسکریت پسند گروپ، جس کی قیادت سعد عرف شاہ گل کرتا ہے، سے وابستہ تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک شدہ دہشت گرد متعدد سنگین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث اور مقدمات میں نامزد تھے۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان تھانہ MRS کوہاٹ میں کانسٹیبل یونس کے قتل کے مقدمہ نمبری 49 میں نامزد تھے۔ یہ مقدمہ دفعات 302، 324، اور 7 ATA (انسداد دہشت گردی ایکٹ) سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
مزید برآں، ہلاک ہونے والا دہشت گرد ساحر عرف پاٹا طور چپر پوسٹ پر ہونے والے حملے کے مقدمہ نمبری 54 میں بھی نامزد تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اس حملے میں بہادر کانسٹیبل حضرت عمر نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ اس مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل، اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات کے ساتھ 7 ATA شامل تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں پائیدار امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں بغیر کسی تفریق کے جاری رکھیں گی۔ذرائع کے مطابق کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔