غزہ امن معاہدے پر دستخط کے بعد پیر کو ایک پریس کانفرنس میں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی تعریف کی ہے۔ ٹرمپ نے جنرل عاصم منیر کو "میرا پسندیدہ فیلڈ مارشل” کہہ کر مخاطب کیا اور بعد میں وزیر اعظم شہباز شریف کو امن اقدام پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی دعوت دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا، "آج عصری تاریخ کے عظیم ترین دنوں میں سے ایک ہے کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتھک کوششوں کے بعد امن حاصل ہوا ہے۔” انہوں نے ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا، "صدر ٹرمپ حقیقت میں امن کے آدمی ہیں جنہوں نے اس دنیا کو امن اور خوشحالی کے ساتھ رہنے کے قابل بنانے کے لیے ان مہینوں میں دن رات انتھک محنت کی ہے۔”
وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا، "پاکستان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو روکنے اور پھر جنگ بندی کرانے میں ان کی شاندار اور غیر معمولی خدمات کے لیے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔”
شہباز شریف نے مزید کہا کہ "آج میں ایک بار پھر اس عظیم صدر کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنا چاہوں گا کیونکہ میں واقعی محسوس کرتا ہوں کہ وہ امن انعام کے لیے سب سے زیادہ حقیقی اور سب سے بہترین امیدوار ہیں، کیونکہ وہ جنوبی ایشیا میں امن لائے، لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔ اور آج شرم الشیخ میں وہ غزہ میں امن حاصل کر رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں لاکھوں جانیں بچا رہے ہیں۔”
وزیر اعظم نے ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اور ان کی ٹیم بھارت اور پاکستان کے درمیان چار دنوں کی کشیدگی کے دوران مداخلت نہ کرتے تو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بڑھ سکتی تھی اور نتائج تباہ کن ہو سکتے تھے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ اور مصر کے صدر السیسی کی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھے جانے کے مترادف قرار دیا۔
وزیر اعظم نے غزہ اور خطے میں امن کے لیے سخت محنت کرنے اور قابل قدر تعاون کرنے پر امیر قطر، صدر ترکیہ، شاہ اردن، سعودی عرب کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔