پاکستان کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی

| شائع شدہ |12:48

پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی گئی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں ایرانی فوجی کمانڈر اور جوہری سائنسدان ہلاک ہوئے ہیں ۔ پاکستان نے اس کارروائی کو ‘ناجائز’ قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پاکستان نے ایران کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو اس کی کارروائیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
وزارت خارجہ کا بیان
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا:
"پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی ناجائز اور بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسرائیلی فوجی حملے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
پاکستان ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کھلی اشتعال انگیزیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے، جو پورے خطے اور اس سے باہر کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں جس کے سنگین مضمرات ہیں۔
عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھیں، اس جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔”

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ : "اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتا ہوں جو ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ قابل نفرت کارروائی بین الاقوامی قانون کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کی بنیادوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے؛ اور علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو شدید طور پر نقصان پہنچاتی ہے۔ پاکستان حکومت اور ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔”

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں