بھارتی جارحیت میں 40 سویلین اور 11 فوجی جوان شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

| شائع شدہ |12:37

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان مطابق 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارتی مسلح افواج نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے بزدلانہ حملے کیے جن میں معصوم شہریوں، بشمول خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

 پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ان وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 40 شہری شہید ہوئے ہیں جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔

ائی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارت کی اس سنگین جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے مارکہ حق کے تحت ایک پرعزم ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے درست اور دندان شکن جوابی کارروائیاں کیں ہیں ۔

پاک فوج کے مطابق وطن عزیز کا بے مثال جرات سے دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 78 زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شہداء میں نائیک عبدالرحمن،لانس نائیک دلاور خان،لانس نائیک اکرام اللہ،نائیک وقار خالد،سپاہی محمد عدیل اکبر اورسپاہی نثار شامل ہیں۔

پاک فضائیہ کے شہداء میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینیئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینیئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر  نے کہا کہ ان شہداء کی عظیم قربانی جرات، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی ایک لازوال علامت ہے جو ہمیشہ کے لیے قوم کے حافظے میں نقش رہے گی۔

 انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے عوام کے ساتھ مل کر شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

ائی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قوم جارحیت کے مقابلے میں پُرعزم ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو دوبارہ چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں