پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بتایا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوں گے اور فائنل 25 مئی کو شیڈول ہے۔
یہ میچز پاک بھارت کشیدگی کے دوران غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے تھے۔
کشیدگی کے بعد سپر لیگ کے میچز کو متحدہ عرب امارات منتقل کیے گئے تھے ۔ منتقلی کے اعلان کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ایک بھارتی ڈرون گرنے کی خبر سامنے آ گئی تھی۔
منگل کے روز سوشل کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں نقوی نے بتایا کہ سپر لیگ وہیں سے شروع ہوگی جہاں سے چھوڑی گئی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ آئیے اس ماحول کو چھا جانے دیں اور ہم متحد ہو کر کرکٹ کے جذبے کا جشن مناتے ہیں۔
اس سے قبل یہ خبر چل رہی تھی کہ پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطہ کیا ہے، جنہیں گزشتہ ہفتے بھارت کے ساتھ سرحدی جھڑپیں تیز ہونے پر ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے ملک سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے ڈان نیوز کے مطابق کرکٹ فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ 17 سے 25 مئی کی مجوزہ تاریخوں کے حوالے سے بات چیت کر رہی ہیں اور باقی میچوں کے لیے راولپنڈی کو ممکنہ مقام تجویز کیا گیا ہے۔
خبر کے مطابق جیسے ہی فرنچائزز غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کی تصدیق کریں گی، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے منظوری حاصل کرنے کے بعد باقی میچوں کا شیڈول جاری کر دے گا۔
مجوزہ تاریخوں کے دوران کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو امید ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی واپس آجائیں گے۔