وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ کے دورے پر روانہ

| شائع شدہ |13:10

وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کے روز ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم ضلع سبی میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد صوبے میں لا اینڈ آرڈر کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم کا دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے مسافروں کو ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملے میں ملوث تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں کوئی یرغمالی زخمی نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شروع ہونے سے قبل 21 مسافر شہید ہوگئے جبکہ کل 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

 یہ آپریشن پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور اسپیشل سروسز گروپ کے جوانوں کی مدد سے انتہائی پیشہ وارانہ طریقہ سے کیا گیا۔ تاہم آپریشن کو جائے وقوعہ کی دوری اور راستے کی دشواری کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

جعفر ایکسپریس ٹرین پر سبی کے قریب حملہ ہوا تھا جو کوئٹہ سے تقریباً 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کا ایک حصہ بارودی مواد سے تباہ کر دیا تھا اور اس کے بعد مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری کلعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آپریشن کے خاتمے کے بعد کہا کہ اس واقعے کے بعد ‘کھیل کے اصول تبدیل ہوگئے ہیں’۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں