فیڈرل کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ، وزیر داخلہ کا اراضی کی نشاندہی کا حکم

وفاقی حکومت نے فیڈرل کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کے لیے اراضی کی نشاندہی اور نئے ہیڈکوارٹر کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، فیڈرل کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی سی اسلام آباد سمیت دیگر سینئر حکام نے بھی شرکت کی ہے۔

بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے سی ڈی اے کے حکام کو ہدایت کی کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر اور تربیتی ضروریات کے لیے دارالحکومت میں مناسب جگہ مختص کی جائے۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید بنیادوں پر استوار کرکے ایک منظم اور انتہائی فعال فورس بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد فورس کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور اسے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس منتقلی سے نہ صرف فیڈرل کانسٹیبلری کی انتظامی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ یہ فورس دارالحکومت کے سیکیورٹی نظام کو بھی مزید مضبوط کرے گی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں