باجوڑ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، پولیس کی بروقت کارروائی

 پولیس اور پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دہشت گردی کے دو بڑے منصوبوں کو ناکام بنا دیے ہیں۔ مقامی زرائع کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک گنجان آباد بازار کو تباہی سے بچا لیا گیا جبکہ تھانے پر ہونے والا راکٹ حملہ بھی پسپا کر دیا گیا۔

ترجمان باجوڑ پولیس کے مطابق، شرپسند عناصر نے عنایت کلے بازار میں ایک دیسی ساختہ بم نصب کیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ لوئی سم شیر زمین خان فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بعد ازاں، پاک فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کے ماہرین نے انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں بم کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا، جس سے بازار میں ممکنہ تباہی اور بھاری جانی نقصان ٹل گیا۔

دوسری جانب، ہفتے کی صبح دہشت گردوں نے تھانہ لوئی ماموند پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ تاہم، پولیس کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے پولیس جوانوں کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس امن دشمن عناصر کے خلاف پوری قوت اور عزم کے ساتھ برسرِپیکار ہے اور فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں