لکی مروت میں چیئرمین انعام اللہ کی گاڑی پر بم دھماکہ، ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی

غلام اکبر مروت

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی سب تحصیل تجوڑی میں اتوار کے روز ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے جس میں مروت-بھٹنی قومی تحریک کے چیئرمین انعام اللہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ دھماکہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا جو ایک ریموٹ کنٹرول حملہ بتایا جا رہا ہے۔
اس حملے میں خوش قسمتی سے انعام اللہ محفوظ رہے، تاہم ان کے قافلے میں شامل ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو تلاش کیا جا سکے اور سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب علاقے میں سکیورٹی خدشات پہلے سے موجود ہیں۔ سیکیورٹی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں