پاکستان اور ترکیہ کے درمیان انسداد دہشتگردی کے تعاون کو مزید تقویت دینےکا اعادہ

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 10 فروری کو اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی مشاورت کا دوسرا دور منعقد ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل برائے کاؤنٹر ٹیررزم عبدالحمید نے کی جبکہ ترکیہ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل برائے انٹیلی جنس اور سیکورٹی سفیر کینان یلماز کر رہے تھے۔  وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اس مشاورت میں بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی دہشت گردی کے منظر نامے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دونوں وفود نے دہشت گرد گروپس کے پیدا کردہ خطرات پر خیالات کا تبادلہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف حکمت عملیوں کے متعلق معلومات شیئر کیں۔

وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں وفود نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے طویل المدت تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت پر توجہ دیں۔ دونوں ممالک کے وفود نے باہمی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

 بیان میں بتایا گیا کہ ان مشاورت میں کئی اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں دہشت گردی کی مالی معاونت کو روکنا، انٹرنیٹ کے دہشت گردی کے مقاصد کے لیے غلط استعمال سے بچاو اور انتہا پسندی کو روکنا شامل ہیں۔

 اجلاس  کا پہلا دور 31 مئی 2019 کو ترکیہ کے درالحکومت انقرہ میں منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل (کاؤنٹر ٹیررزم) احمد فاروق نے کی تھی اور ترکیہ کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل برائے ریسرچ اینڈ سیکورٹی سفیر ایلین تاشان نے کی تھی۔ مشاورت کا اگلا دور انقرہ میں منعقد ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں