ترک صدر دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

ترک صدر رجب طیب اردوان بدھ کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے جس میں اعلی سطحی ملاقاتیں اور کئی معاہدوں پر دستخط شامل ہوں گے۔

صدر اردوان، وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستان-ترکی ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی )کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ کونسل دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم فیصلہ سازی کرنے والا ادارہ ہے جو تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کی نگرانی کرتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور کئی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔

صدر اردوان وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پاکستان-ترکی بزنس اور انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا جائے گا۔

یہ دورہ اس حالیہ ملاقات کے بعد ہو رہا ہے جو صدر آصف علی زرداری اور صدر اردوان کے درمیان استنبول ایئرپورٹ پر ہوئی تھی، جہاں انہوں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات ہیں اور اس دورے سے ان کی کثیرالجہتی شراکت داری مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں