اورکزئی: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع اورکزئی کے عمائدین اور رہنماؤں نے ملک کو درپیش دہشتگردی کے خطرات کے خلاف قومی عزم کا غیر متزلزل مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑا اور دو ٹوک اعلان کیا ہے۔ قبائلی عمائدین نے واضح کر دیا ہے کہ وہ افغان دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے ساتھ مکمل طور پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
عمائدین نے اپنے پیغام میں شدید عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "پاکستان کے خلاف اٹھنے والی آنکھ پھوڑ دیں گے” اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کا عہد کیا۔
قبائلی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وطن کا دفاع ان پر فرض ہے اور اس کے تحفظ کے لیے وہ ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے دہشتگردوں کو پہلے بھی سبق سکھایا ہے اور اب بھی سکھائیں گے، اور انہیں دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
قبائلی عمائدین نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج کے ساتھ ان کا ہمیشہ شانہ بشانہ تعلق رہا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ ہر محاذ پر شریک ہوں گے۔ قبائلی عوام اور عمائدین نے افغان دہشتگردی کے خلاف متحد ہوکر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
ان اعلانات کے بعد، قبائلی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں عوامی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور عوام ملک کے دفاع کے لیے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ قبائلی عمائدین نے پیغام دیا کہ وہ وطن کی سرحدوں پر کھڑے ہیں اور ملک کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔