کابل سے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ‘را’ کے سینئر افسر کو ملک بدر کر دیا گیا

ذرائع کے مطابق، افغانستان میں تعینات بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ (ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ) کے ایک سینئر سفارتی افسر ہریش کمار، جن کا پاسپورٹ نمبر D1156181 ہے، کو افغان حکام نے پرسونا نان گراٹا یعنی ناپسندیدہ شخص قرار دے کر ملک بدر کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ہریش کمار کو پاکستان طالبان اور کابل میں موجود طالبان مخالف عناصر سے رابطے اور انہیں متحرک کرنے کے الزامات پر افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ وہ بھارت کے ریاست ہماچل پردیش کے رہائشی ہیں اور کابل میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد انہیں وہاں بھارتی سفارتخانے میں بطور لائزن آفیسر تعینات کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ہریش کمار کچھ عرصہ پہلے کابل سے دہلی اور پھر قطر گئے تھے جہاں انہوں نے کچھ طالبان مخالف افغان رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے ایک ایسی کانفرنس پر بات چیت کی جو پہلے پاکستان میں منعقد ہونا تھی لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہریش کمار اس کانفرنس کو قطر یا دبئی میں منعقد کروانے کے لیے طالبان مخالف رہنماؤں سے رابطے میں تھے۔

ہریش کمار 13 اگست کو قطر سے واپس دہلی آئے اور پھر کابل پہنچے۔ 15 اگست کو وہ کابل کے علاقے شہرِ نو میں ایک ہوٹل میں طالبان مخالف افغان شہریوں سے ملاقات کر رہے تھے کہ اسی دوران طالبان کی خفیہ ایجنسی جی ڈی آئی نے ہوٹل پر چھاپہ مار کر افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

16 اگست کو طالبان حکام نے کابل میں بھارتی سفارتخانے کے عہدیداروں کو طلب کیا اور انہیں ہریش کمار کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد ہریش کمار 17 اگست کو دہلی کے لیے روانہ ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں