لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 7 اہلکار شہید اور متعدد دہشت گرد ہلاک

خیبر پختوںخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے سربانڈہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی ایک شدید جھڑپ میں کم از کم سات اہلکار شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب پولیس اور 184 ونگ دیر سکاؤٹس کی جانب سے ایک مشترکہ سرچ اور اسٹرائیک آپریشن کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق، سربانڈہ کے میدان میں دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں اور مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد یہ آپریشن شروع کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی زرائع کے مطابق اس فائرنگ کے تبادلے میں 184 ونگ کے سات اہلکار شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک جلیل خان ، لاںس نائیک عظمت، سپاھی فضل المالک، سپاھی داود، سپاھی امجد، سپاھی فضل قیوم اور نائیک گل جان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 13 اہلکار زخمی ہوئے اور چند ایک اہلکار لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

زخمی ہونے والوں میں صوبیدار خان بادشاہ، حوالدار انعام اللہ، حوالدار شاہ زیب، سپاہی ذوالفقار علی، سپاہی عطا الرحمن، سپاہی عبدلحلیم، سپاہی محمد ریحان، سپاہی راحت اللہ، سپاہی منظور، سپاہی سلیم، سپاہی شاہ زیب  سمیت دیگر جوان شامل ہیں۔ اس کاروائی کے دوران چند ایک اہکاروں کے لاپتہ ہونے کے متضاد خبریں آ رہی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس، ایلیٹ فورس اور دیر اسکاؤٹس کی بھاری نفری علاقے میں موجود رہی اور آپریشن جاری رہا۔

اس کے علاوہ ضلع  ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے جھوک منگل میں  سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کیا۔ خفیہ اطلاع پر کیے گئے اس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دیگر دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں