بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے باسیمہ میں ایک فوجی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن سمیت 9 فوجی اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ گزشتہ رات پیش آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق باسیمہ میں ایک بڑے فوجی کیمپ کو بڑی تعداد میں مسلح حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔ حملے میں شدید فائرنگ اور کئی دھماکے بھی ہوئے۔ حملے کے بعد، پاکستان آرمی کی 328 بریگیڈ سے تعلق رکھنے والی ایک فوری ریسپانس فورس نے کیمپ کی جانب پیش قدمی کی لیکن ان پر بھی گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔
اس دوسرے حملے کے نتیجے میں کیپٹن محمد آصف سمیت 9 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ حملے میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں اور حملے سے ہونے والے نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔