اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہفتہ کے روز کو افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ گنڈاپور نے افغانستان میں ایک جدید کینسر ہسپتال کے قیام میں مدد کی پیشکش کی اور زراعت کے شعبے میں بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے، جنہیں افغانستان سے رابطوں کی درخواستیں کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل سرحد، مشترکہ لسانی، نسلی اور مذہبی روابط کو بھائی چارے، امن اور باہمی احترام کے ذریعے مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بیرونی قوتوں کے مذموم عزائم کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے اور آنے والی نسلوں کو پرامن، مستحکم اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے افغان مہاجرین کا خیال رکھنے پر خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیر اعلیٰ گنڈاپور نے افغانستان ایک خصوصی وفد بھیجنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے تعلقات قائم ہو سکیں۔