وزیر اعظم محمد شہباز شریف 12 جون کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ ترکیہ اور سعودی عرب کے حالیہ دوروں کے بعد ہو رہا ہے۔
اس دورہ کے حوالے سے دفتر خارجہ کے بیان کے متن میں بتایا گیا کہ
"وزیر اعظم محمد شہباز شریف 12 جون 2025 کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور متعدد شعبوں میں قریبی تعاون سے جڑی ہیں۔
وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد ہوگا، جس میں ڈپٹی پرائم منسٹر/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، اور دیگر سینئر افسران شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے جس میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی شامل ہے۔ ان اعلیٰ سطحی بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی اور تشویش کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور کی ایک وسیع رینج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے، اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی فائدہ مند اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے، اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔”