خیبر پختونخوا پولیس کی بنوں میں کامیاب آپریشن، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کا محکمہ انسداد دہشتگری اور ڈسٹرکٹ پولیس بنوں نے ایک مشترکہ اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائی بنوں کے علاقے مّمہ خیل ہوید پولیس تھانے کے حدود میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔

پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی SWAT ٹیمز اور بنوں پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فوری کارروائی کی جس کے نتیجے میں آدھے گھنٹے سے زائد شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ مقابلہ ختم ہونے کے بعد کالعدم تنظیم "فتنۃ الخوارج” کے دو دہشتگرد مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کہ دہشت گردوں کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت فضل اللّٰہ عرف فیض اللّٰہ عرف حنظلہ اور سفیر الرحمن ولد ولی داد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فضل اللّٰہ کانسٹیبل جاوید پر حملے اور اغواء، کانسٹیبل نصر اللّٰہ اور حیات اللّٰہ کو شہید کرنے اور پولیس چوکی شیخ لنڈک پر حملے میں مطلوب تھا۔ جبکہ سفیر الرحمن کانسٹیبل زبیر کو شہید کرنے اور پولیس پوسٹس فتح خیل اور خیراکی ممّہ خیل پر حملوں، جن میں کانسٹیبل ایثار خان اور اجمل خان زخمی ہوئے تھے کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک 9 ایم ایم پستول، دو ہینڈ گرینیڈ، موبائل فونز اور کالعدم تنظیم کا ایک کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب آپریشن پر جوانوں کے بلند حوصلوں اور انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے خصوصی شاباش دی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں