پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کے دوپہر ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں ضلع کچہری، سیکٹر جی-11 کے قریب ایک ہولناک خودکش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
ابتدائی ذرائع کے مطابق، یہ دھماکہ خودکش نوعیت کا تھا اور جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کا سر بھی برآمد ہوا ہے جو اس اندوہناک حملے کی تصدیق کرتا ہے۔ دھماکے کی شدت سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 بتائی جا رہی ہے جبکہ 27 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد تمام متاثرین کو فوری طبی امداد کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سیکیورٹی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے دھماکے کی وجوہات اور اس کے پیچھے کارفرما عناصر کے تعین کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
قبل ازیں دھماکے کو گاڑی میں سلینڈر کے پھٹنے کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔ دھماکا تقریباً ساڑھے بارہ بجے ہوا جس کے نتیجے میں پارکنگ میں آگ لگ گئی۔