وانا کیڈٹ کالج پر خودکش حملے کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی

ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے کیڈٹ کالج وانا کے مرکزی گیٹ پر خودکش حملے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا جس کے نتیجے میں ایک شدید دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کے کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز کے چار (4) جوان بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کالج کے مرکزی گیٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی نے انہیں عمارت میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا۔ ابتدائی طور پر 2 سے 3 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) طاہر شاہ وزیر (PSP) اور ایف سی کمانڈنٹ SWS، محمد طاہر خود موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات کی ہدایت دی۔

ڈی پی او طاہر شاہ وزیر اور ایف سی کمانڈنٹ محمد طاہر نے عوام سے پرسکون رہنے اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس و سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔

عوام نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کو سراہا اور کہا کہ فورسز نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر معصوم بچوں کو ایک بڑے سانحے سے محفوظ کیا۔ عوام نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے زیرِ تعلیم کیڈٹ کالج کو دہشت گردوں کے مذموم عزائم سے بچا لیا گیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں