گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادتیں اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سب سے شدید جھڑپیں باجوڑ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں پیش آئیں، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائیوں میں درجنوں دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔
ان تمام واقعات کی تفصیل خبر کدہ کی اس خصوصی رپورٹ میں موجود ہے۔
باجوڑ میں حملے
باجوڑ کے مقامی حکام کے مطابق، جمعہ کے روز سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ میں تین عام شہری اور دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سینٹر حملہ
پولیس کے مطابق جمعہ کی شب گئے دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کیا۔ جوابی کارروائی میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔
ڈی آئی خان کے ضلعی پولیس آفیسر صاحبزادہ سجاد نے بتایا کہ چار دہشت گردوں کو ٹریننگ سینٹر کے اندر پولیس نے ہلاک کیا، جبکہ دو نے خود کو بارودی مواد سے لدی گاڑی میں دھماکے سے اڑا دیا۔
اس حملے میں چھ پولیس اہلکار اور ایک سول ملازم شہید ہوئے، جبکہ تقریباً 11 اہلکار زخمی ہوئے۔
ٹانک اور بنوں میں اغواء کے واقعات
پولیس نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پانچ افراد کو اغواء کیا گیا۔ اغواء ہونے والوں میں سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق، فرنٹیئر کور (FC) کے تین اہلکار چھٹی پر اپنے گھر جا رہے تھے جب نامعلوم دہشت گردوں نے انہیں اغواء کر لیا۔
اسی علاقے میں، دہشت گردوں نے دو ٹرک ڈرائیوروں کو بھی اغواء کر لیا ہے۔
اپر اورکزئی میں دہشت گردوں کا حملہ
اپر اورکزئی پولیس کے مطابق، تودہ میلہ قوم اخیل کے علاقے میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور کے ایک فوجی پر سنائپر گن سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں لانس نائیک رضا محمد شہید ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
کوہاٹ میں سرکاری اہلکاروں کا قتل
پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح کوہاٹ ہائی وے پر پشاور ٹول پلازہ کے قریب دہشت گردوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دو اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انگور اڈہ پر سرحد پار سے حملہ
حکام کے مطابق، گزشتہ شب جنوبی وزیرستان کے مقام انگور اڈہ پر افغانستان کی جانب سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ افغانستان کی سرزمین سے کیا گیا تھا، تاہم پاکستانی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔