پشاور کے درہ آدم خیل کے قریب تھانہ حسن خیل پر دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا تاہم پولیس نے کمال مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پشاور پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں اور پولیس کے اہلکاروں کے درمیان لگ بھگ دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں دو حملہ آور مارے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں مزید کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے باقی ساتھی اپنے دو مردہ ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کسی بھی دوسرے حملے کے خطرے کے پیش نظر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے جدید اسلحہ، بشمول سنائپر گنز کا مؤثر استعمال کیا اور شرپسندوں کے تھانے پر قبضے کے "ناپاک عزائم” کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق اس کامیاب جوابی کارروائی کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس اہلکاروں نے بلند حوصلے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انھیں اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک سے متعلق تفتیش تیزی سے جاری ہے