پشین میں سی ٹی ڈی اور احساس اداروں کی کارروائی ، 4 مطلوب دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے ضلع پشین کے علاقے یارو کی پہاڑیوں میں ایک مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی اور ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ جب فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں کی گئی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کئی سنگین مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ان میں چمن روڈ پر ایف سی ٹرک پر حملہ، پشین میں لیویز افسر کا قتل، اور پولیس اہلکاروں پر مختلف حملے شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں دو کلاشنکوف، دو نائن ایم ایم پستول، دو دستی بم، ڈیٹونیٹرز، پریما کارڈ اور دیگر بارودی مواد شامل ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور مزید دہشت گردوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں