وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کا یہ دورہ دوحہ پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد برادر ملک قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد خطے میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے اور اسرائیلی حملے میں ہونے نقصانات پر پاکستان کی گہری ہمدردی اور حمایت کا پیغام پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ دوحہ پر اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ پاکستان نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے قطری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی اس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔