اسلام آباد کے مری روڈ پر واقع مدرسے کی منتقلی کے معاملے پر حکومت اور علماء کرام کے درمیان جاری مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ فریقین نے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کی مہلت پر اتفاق کیا ہے۔
مذاکرات میں علماء کرام کی جانب سے مولانا غفور حیدری صاحب اور دیگر علماء شریک ہوئے، جبکہ حکومتی وفد میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شامل تھے۔ یہ بات چیت گزشتہ رات سے جاری تھی، جس میں علماء کے مطالبات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کا مقصد اس مسئلے کو مذہبی، قانونی اور تمام متعلقہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیرِ داخلہ سے مزید مشاورت کی جائے گی۔ جاری پریس کے مطابق فریقین نے یہ بھی طے کیا ہے کہ اس دوران کوئی بھی فریق کسی قسم کا یک طرفہ اقدام نہیں کرے گا تاکہ مذاکرات کا ماحول برقرار رہے۔
اس پیش رفت سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تنازعہ جلد ہی ایک پُرامن حل کی طرف بڑھے گا اور دونوں فریقین کی رضامندی سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔