خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیر کی صبح 11 بجے سے رات 11 بجے تک 12 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، یہ کرفیو باجوڑ کی تمام اہم شاہراہوں پر لاگو ہوگا۔
اس کے ساتھ باجوڑ کے تحصیل ماموند میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن کی وجہ سے تین دن کے لیے مکمل کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ یہ کرفیو پیر 11 اگست، صبح 11 بجے سے شروع ہو کر 14 اگست کی صبح 11 بجے تک جاری رہے گا اور اس کا اطلاق تحصیل کے تقریباً 27 علاقوں پر ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10:30 بجے تک اپنی تمام سرگرمیاں مکمل کر کے اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں پیش آنے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری خود شہریوں پر ہوگی۔
تحصیل ماموند میں جاری کشیدگی کی وجہ سے کئی دنوں سے لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ان متاثرین کی مدد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 107 سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو خالی کرایا ہے، جبکہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں 450 خیموں پر مشتمل ایک ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔