لکی مروت: 197 نجی تعلیمی ادارے پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرینگے

لکی مروت کے نجی تعلیمی اداروں کی تنظیم اور ڈی پی اولکی مروت محمد جواد اسحاق (پی ایس پی) کے درمیان ایک تحریری معاہدہ طے پایا ہے۔ جس کی رو سے لکی مروت پولیس کے شہداء ، پولیس غازیان ، حاضر سروس اور دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو مفت اور رعایتی تعلیمی سہولیات دستیاب ہونگی۔ یہ معاہدہ پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم اور ویلفیئر کے لیے ایک احسن اقدام ہے۔


ضلع لکی مروت پولیس کے شہداء، غازی، حاضر سروس اور دیگر ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ضلع لکی مروت کے 197نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم اور لکی مروت پولیس کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔


معاہدے کا مقصد پولیس شہداء اور دیگر ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ معاہدے کے مطابق پولیس شہداء کے بچوں کے لیے لکی مروت تمام نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم مکمل طور پر مفت ہوگی۔ غازیان اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی اخراجات میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ دورانِ سروس وفات پانے والے والے ملازمین کے بچوں کو بھی %50 فیصدرعایت فراہم کی جائے گی۔


اس معاہدے پر ڈی پی او لکی مروت محمد جواد اسحاق (پی ایس پی) اورضلع لکی مروت کے تمام نجی سکولوں کےایسوسی ایشن کے عہداروں نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈی پی او لکی مروت کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پولیس فورس کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ جس سے ان کے بچوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔


نجی تعلیمی اداروں کے صدر عرفان خان نے بتایا کہ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے اور ہم ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری حفاظت، امن وآمان کے قیام کیلئے جانی قربانیاں دی ہیں اور خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ہماری تنظیم نے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے اس لئے کیا ہے کہ جب تک والد کا سایہ ہوتا ہے تو بچے اچھے نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہوتے ہیں لیکن جیسے ہی والد کا سایہ سر سے اٹھتا ہے تو معصوم بچوں کو مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔اس معاہدے کے بعد کسی بھی شہید پولیس اہلکار کے بچے مفت اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچے نصف فیسوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرینگے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں