آسٹریا کے اسکول میں فائرنگ، طلباء سمیت 10 افراد جاں بحق

| شائع شدہ |18:22

منگل کو آسٹریا کے جنوب مشرقی شہر گراز میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر گراز کے ڈریئر شوٹزنگاس ہائی اسکول میں پیش آیا ہے۔

گراز کی میئر ایلکے کاہر نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی طلباء بھی شامل تھے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ کم از کم نو طلباء ہلاک ہوئے اور حملہ آور نے خود کو بھی ہلاک کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حملہ آور اسکول کا موجودہ یا سابق طالب علم تھا۔

اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

چانسلر کرسچن اسٹاک نے اس حملے کو ایک قومی المیہ قرار دیا ہے جو "ہمارے ملک کے دل پر وار کرتا ہے”۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے دن کے آخر میں ایک سرکاری بیان جاری کیے جانے کی توقع ہے۔

یورپ میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں۔ تاہم، آسٹریا کے گن قوانین اپنے پڑوسی ممالک کے مقابلے میں زیادہ لبرل ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں