حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ کلعدم تنظیموں کی فہرست کو امریکی حکومت کی مدد سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
اتوار کے روز وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے ڈان نیوز کو بتایا کہ فہرست کو امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی کلعدم تنظیموں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرنے کے عمل میں ہے اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بھی ایسا ہی کرنے کا امکان ہے۔ بیرسٹر عقیل نے کہا کہ اس کے بعد کلعدم تنظیموں سے وابستہ افراد کے خلاف سفر ی پابندی یا ویزا منسوخ کرنے جیسے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری طرف پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کلعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی تنظیموں کی فہرست جاری کی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ یا ممنوعہ خیراتی تنظیموں کو چندہ دینے سے گریز کریں۔ ممنوعہ تنظیموں کی مدد کرنا 1997 کے دہشت گردی کے خلاف ایکٹ کے تحت ایک جرم ہے۔
پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا کہ جو افراد دہشت گردی یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کی مدد کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب میں تمام خیراتی تنظیموں کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹریشن لازمی ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ زکٰوۃ، خیرات اور چندہ صرف ان تنظیموں کو دیں جو پنجاب چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں۔ رجسٹرڈ تنظیموں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو-آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ چندہ صحیح مستحقین تک پہنچے نہ کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں میں۔ رجسٹرڈ تنظیموں کی تفصیلات چیریٹی کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ شہری فراڈ، دہشت گردی، ریاست مخالف سرگرمیوں یا ذاتی مفاد میں ملوث تنظیموں کی شکایت ہوم ڈیپارٹمنٹ میں بھی کر سکتے ہیں۔ ممنوعہ تنظیموں کے چندہ مانگنے کی اطلاعات ٹول فری نمبر 080011111 یا ہیلپ لائن نمبرز 04299214871 اور 04299214872 پر دی جا سکتی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جاری کردہ کالعدم تنظیموں کی فہرست میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد پاکستان، جیش محمد، الرحمت ٹرسٹ بہاولپور، الفرقان ٹرسٹ کراچی، لشکر طیبہ، سپاہ صحابہ پاکستان، تحریک جعفریہ پاکستان، تحریک نفاذ شریعت محمد، تحریک اسلامی، القاعدہ، ملت اسلامیہ پاکستان، خدام الاسلام، اسلامی تحریک پاکستان، جمعیت الانصار، جماعت الفرقان، حزب التحریر، خیر الناس انٹرنیشنل ٹرسٹ، بلوچستان لبریشن، اسلامک سٹوڈنٹس موومنٹ آف پاکستان، لشکر اسلامی، انصار السلام، حامی نامدار گروپ، تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان رپبلیکن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ، لشکر بلوچستان، بلوچستان لبریشن ییونائیٹڈ فرنٹ، بلوچستان مسلم دفاع تنظیم، شیعہ طلبہ ایکشن کمیٹی گلگت، مرکز سبیل آرگنائزیشن گلگت، تنظیم نوجوانانِ اہل سنت گلگت، پیپلز امن کمیٹی لیاری، اہلِ سنت ولجماعت، الحرمین فاؤنڈیشن، رابطہ ٹرسٹ، انجمن امامیہ گلگت بلتستان، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن گلگت، تنظیم اہل سنت والجماعت گلگت، بلوچستان بنیاد پرست آرمی، تحریک نفاذ امن، تحفظ حدود اللہ، بلوچستان واجہ لبریشن آرمی، بلوچ رپبلیکن پارٹی آزاد، بلوچستان یونائیٹڈ آرمی، اسلام مجاہدین، داعش، جیش اسلام، بلوچستان نیشنل لبریشن آرمی، خانہء حکمت گلگت بلتستان، تحریک طالبان سوات، تحریک طالبان مہمند، یونائیٹڈ بلوچ آرمی، جیئے سندھ متحد محاذ، جماعت الاحرار، لشکر جھنگوی العالمی، انصار الحسین، تحریک آزادی جموں و کشمیر، جنداللہ، جماعت الدعوۃ، الانفال ٹرسٹ لاہور، ادارہ خدمت خلق لاہور، الدعوۃ الارشاد لاہور، الحمد ٹرسٹ لاہور/ فیصل آباد، ماسک اینڈویلفئیر ٹرسٹ لاہور، المدینہ فاؤنڈیشن لاہور، معاذ بن جبل ایجوکیشنل ٹرسٹ لاہور، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن، الفضل فاؤنڈیشن/ٹرسٹ لاہور، الایثار فاؤنڈیشن لاہور، پاک ترک انٹرنیشنل سی اے جی ایجوکیشن فاؤنڈیشن، حزب الاحرار، جئے سندھ قومی محاذ، سندھو دیش ریولیوشنری آرمی، سندھو دیش لبریشن آرمی، خاتم الانبیاء، غازی فورس، غلامان صحابہ، معمار ٹرسٹ، سچل سرمست ویلفیئر ٹرسٹ کراچی، الجزاء پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کراچی، الاختر ٹرسٹ اور الراشد ٹرسٹ شامل ہیں۔