خیبر پختونخوا کے بنوں ریجن میں امن و امان کے قیام کی کوششوں کو اس وقت ایک بڑی کامیابی ملی جب سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور بنوں پولیس نے ایک مشترکہ اور اہم کارروائی میں دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک شدگان میں سی ٹی ڈی کے چار بہادر اہلکاروں کی شہادت کے ذمہ دار ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ مشترکہ کارروائی ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی خصوصی ہدایت پر ڈومیل کے علاقے کمپنی روڈ پر ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو مطلوب افراد کو نشانہ بنایا۔ یہ دونوں دہشتگرد بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں راشدین عرف ملنگ یار بھی شامل ہے، جسے سی ٹی ڈی کے چار اہلکاروں کی حالیہ شہادت کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے
کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ہینڈ گرینیڈز اور کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد کیے گئے ہیں، جو ان کے مذموم عزائم کا ٹھوس ثبوت ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والی بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں کی تعریف کی اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا:
"بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کی بہادری، جرات اور قربانیاں ہی امن کے قیام کی ضمانت ہیں۔ ہم پرعزم ہیں کہ بنوں ریجن کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور ریجن میں مکمل امن لوٹایا جائے گا۔”