نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ پاکستان میں جاری حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے جبکہ 149 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین صورتحال رپورٹ میں 26 جولائی سے 9 جون تک کے اعداد و شمار شامل ہیں. ان ہلاکتوں میں سے 30 خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ پنجاب میں 29، سندھ میں 16، بلوچستان میں 11 اور آزاد جموں و کشمیر میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
جانی نقصان کی سب سے بڑی وجہ مکانات کا گرنا بتایا گیا ہے جبکہ دوسری بڑی وجہ سیلاب کی لہروں کی تباہی ہے۔
پنجاب کی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ صوبے میں 13 جولائی تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے یہ بھی بتایا ہے کہ دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ، منگلا، مارالہ اور خانکی میں نچلے درجے کے سیلاب کی توقع ہے۔
بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل میں ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نمایاں طور پر بڑھنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب، شدید گرمی نے شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کے عمل کو بھی تیز کر دیا ہے جس سے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔