تحریک انصاف دہشت گردوں کی سہولت کار، جیل میں بیٹھا شخص ‘چیف اسپانسر’ ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر ملک میں بدامنی پھیلانے اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ "جیل میں بیٹھا شخص” دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور اسی کے دورِ حکومت میں ملک میں امن کو تباہ کر کے دہشت گردوں کو واپس لایا گیا ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں ایک "انتشاری ٹولہ” موجود ہے جو ملک کے امن و امان کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ تحریک انصاف کا پورا ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت کار ہے۔

عطا تارڑ نے شہدائے وطن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کے عزم اور جذبے کو سلام پیش کرتی ہے جن کی نمازِ جنازہ میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بھی شرکت کی۔

وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن "رد الفساد” اور "ضرب عضب” نے ملک میں امن قائم کیا تھا، لیکن "جیل میں بیٹھے شخص” کے دورِ حکومت میں نیشنل ایکشن پلان کو ختم کر کے ان دہشت گردوں کو واپس لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ "دہشت گردوں کو واپس لایا گیا اور آج دن تک سہولت کاری جاری ہے۔”

عطا تارڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کے بارے میں کہا تھا کہ "یہ اچھے لوگ ہیں، ان سے مذاکرات کرنے چاہیے اور واپس لانا چاہیے”۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ دہشت گرد بے گناہوں کو نہیں چھوڑتے اور مساجد اور اسکولوں میں حملے کرتے ہیں، اس لیے انہیں واپس لانے کا فیصلہ ملک دشمنی کے مترادف تھا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں